اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ کا الیکشن پیر 26 فروری 2024 کو ہوگا، سیکرٹری پنجاب اسمبلی نے شیڈول جاری کر دیا۔ اس اہم عہدے کے لیے مسلم لیگ ن کی مریم نواز کومضبوط امیدوارقرار دیا جا رہا ہے۔
اسمبلی سیکر یٹیریٹ کے مطابق وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے کاغذات اتوارک شام 5 بجےتک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔جبکہ کاغذات کی جانچ پڑتال 5 بجکر 10 منٹ پر ہوگی۔
جاری کردہ شیڈول کے مطابق، وزیر اعلٰی کا انتخاب پیر 26 فروری کو دن 11 بجے ہو گا۔
مسلم لیگ ن نے پنجاب میں مریم نواز کو وزیراعلیٰ کا امیدوار نامزد کیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتیں گذشتہ روز اسپیکر اور دپٹی سپیکر کے الیکشن میں کامیابی حاصل کر کے پہلے ہی اپنی اکثریت ثابت کر چکی ہیں ۔ اس لیے انہیں مضبوط امیدوار قرار دیا جارہا ہے۔
سنی اتحاد کونسل نے اس سے قبل میاں محمد اسلم اقبال کو وزیراعلیٰ پنجاب کا امیدوار نامزد کیا تھا۔ تاہم اب ان کی جگہ رانا آفتاب اقبال کو اپنا امیدوار نامزدکر دیا ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی کے بیان میں کہا گیا کہ میاں اسلم اقبال کو بانی چیئرمین عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کیلئے نامزد کیا تھا۔ ان کو گرفتار کرنے کیلئے سارے صوبے کی پولیس اسمبلی کے گرد موجود ہے ۔ بیان میں کہا گیا کہ اس صورتحال میں مشاورت سے پارٹی قیادت اور میاں اسلم اقبال نے وزیرِ اعلیٰ کے انتخاب کیلئے رانا آفتاب احمد خان کو نامزد کیا ہے ۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سنی اتحاد کونسل نے امیدوار تبدیل کر کے پہلا یو ٹرن لے لیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کل صوبے کی ترقی کے لئے روڈ میپ کا اعلان کریں گی۔