مشہور موبائل ایپلی کیشن واٹس ایپ نے برطانیہ اور یورپی یونین کے ممالک میں صارفین کے لیے عمر کی حد کم کر دی ہے۔ یہ تبدیلی ایپ کی پرائیویسی پالیسی میں تبدیلیوں سمیت قوائد اور ضوابط کی وسیع تر اپ ڈیٹ کا حصہ ہے۔
واٹس ایپ استعمال کرنے کے لیے پہلے ان علاقوں میں کم از کم 16 سال کی عمر ہونا لازمی تھی، جبکہ امریکہ میں یہ عمر 13 سال تھی۔ تاہم ایک حالیہ بیان میں واٹس ایپ نے برطانیہ میں بھی اپنے پلیٹ فارم کو استعمال کرنے کی کم از کم عمر کم کر کے 13 سال کر دی ہے۔
واٹس ایپ نے واضح کیا ہے کہ عمر کی حدود میں تبدیلی کے باوجود، صارفین کو فراہم کردہ خدمات میں کوئی تبدیلی کی توقع نہیں کرنی چاہیے۔ نجی تصاویر اور کالز کو اب بھی اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کی سہولت حاصل ہوگی، جو ایک ایسا اہم فیچر ہے جو یقینی بناتا ہے کہ بھیجے گئے یا وصول کیے گئے پیغامات تک خود واٹس ایپ کو رسائی نہیں ۔
آئی ٹی ماہرین کے مطابق عمر کی حد کم کرنے کا فیصلہ نہ صرف صارفین کے بدلتے ہوئے اعدادوشمار کا ردعمل ہے بلکہ کمپنی کی طرف سے اسےعالمی معیارات کے مطابق ڈھالنے کے عزم کی عکاسی بھی کرتا ہے۔ عمر کی حدود کو آسان بنا کر واٹس ایپ ایک زیادہ جامع پلیٹ فارم بننا چاہتا ہے جوزیادہ صارفین کو اس کی پیغام رسانی کی خدمات سے مستفید ہونے کی اجازت دے گا۔