اسلام آباد( نئی تازہ رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) اورپاکستان پیپلزپارٹی میں حکومت سازی کیلیے معاہدہ ہوگیا، شہباز شریف وزیراعظم اورآصف زرداری صدر مملکت ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں بدھ کی شب اسحاق ڈار کی واقع رہائش گاہ پر بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے وفد سے مسلم لیگ ن کے حکومت سازی کے حوالے سے کامیاب مذاکرات ہوئے۔
مذاکرات میں دونوں جماعتوں کی مذاکراتی کمیٹی کے ارکان، شہباز شریف اوربلاول بھٹو نے شرکت کی۔ دیگر ارکان میں اسحاق ڈار ، مراد علی شاہ، قمر زمان کائرہ اور احسن اقبال شامل تھے۔
اجلاس میں دونوں جماعتوں نے عوام کو ریلیف دینے اور توقعات پر پورا اترنے کا عزم کیا ، اجلاس کے اختتام پر دعائے خیر کروائی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:سنی اتحاد کونسل کا ماضی ، حال اور تحریک انصاف سے قربت کی کہانی
مسلم لیگ (ن) کی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے بتایا کہ اسحاق ڈار کی رہائش گاہ پرنامزد وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات ہوئی۔ جس میں دونوں جماعتوں میں حکومت سازی بارے معاہدہ طے پا گیا ہے۔
ملتان اور راولپنڈی کے کمشنرز کی تقرری اور تبادلوں کا اعلان
ملاقات میں دونوں جماعتوں نے شرائط کےتحت شراکت اقتدار کا معاہدہ طے کیا۔ جس کے مطابق صدر مملکت کا عہدہ پیپلزپارٹی اوروزیراعظم کا عہدہ مسلم لیگ ن کے پاس ہوگا۔
معاہدے کے تحت آصف زرداری صدرمملکت جبکہ شہباز شریف وزیر اعظم ہوں گے۔ قومی کا اسپیکرمسلم لیگ ن جبکہ سینئٹ کا چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا ہوگا۔ چاروں صوبوں کے گورنرز کے حوالے سے بھی دونوں جماعتوں میں معاملات طے ہوئے، جس کے مطابق سندھ اور بلوچستان میں گورنر ن لیگ جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں گورنر پیپلزپارٹی کا ہوگا۔
معاہدے کے تحت بلوچستان میں دونوں جماعتیں مخلوط حکومت قائم کریں گی، جس کے مطابق آدھا عرصہ وزیراعلیٰ ن لیگ جبکہ آدھا عرصہ پیپلزپارٹی کا ہوگا۔
پاکستان پیپلزپارٹی وفاقی کابینہ میں شامل نہیں ہوگی, تاہم وزارت عظمیٰ کیلیے شہباز شریف کو ووٹ دے گی۔