اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب کورٹ کے جج محمد بشیر کی ریٹائرمنٹ تک چھٹی کی درخواست منظور کرلی۔
ذرائع کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپنی ریٹائرمنٹ تک چھٹی کی درخواست دی تھی جسے منظور کرلیا گیا ہے۔
ڈسڑکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد ناصر جاوید رانا کو محمد بشیر کی جگہ احتساب عدالت اسلام آباد کا جج مقررکردیا گیا ہے۔
جج محمد بشیر 14 مارچ کو ریٹائر ہوجائیں گے۔ نیب کورٹ کے جج محمد بشیر نے بانی پی ٹی آئی اور ن لیگ کے قائد نواز شریف کے کیسز کی سماعت کرتے رہے ہیں اور دونوں کو مختلف کیسز میں سزائیں سنا چکے ہیں۔
جج محمد بشیر کی پہلی تقرری 2012 میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے دور میں کی گئی تھی۔ وہ 12 برس سے اس عہدے پر تعینات تھے۔ جج محمد بشیر خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھتے ہیں۔
وزارت قانون و انصاف نے جج محمد بشیر کی رخصت منظور ہونے پر ناصر جاوید رانا کو احتساب عدالت نمبر ایک کا جج تعینات کرتے ہوئے اس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ناصر جاوید رانا 24 جنوری 2027 تک احتساب عدالت کے جج کے طور پر خدمات سر انجام دیں گے۔