اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کے لیے پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار علی امین گنڈاپور کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کچھ تاخیر کے بعد جاری کردیے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے 18 فروری کو قومی اور صوبائی اسمبلی کے کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کیے گئے ۔
تاہم ان میں این اے 44 اور پی کے 113 سے علی امین گنڈاپور کی کامیابی کے نوٹیفکیشن شامل نہیں تھے۔
میڈیا میں یہ رپورٹس آئی تھیں کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبہ خیبر پختونخوا کے لیے پی ٹی آئی کے نامزد وزیر اعلیٰ، علی امین گنڈاپور کی حالیہ الیکشن میں کامیابی کے نوٹیفکیشن روک لیے ہیں۔
8 فروری کے الیکشن میں علی امین گنڈا پورقومی اسمبلی کے حلقہ این اے 44 اورصوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 113 سے کامیاب ہوئے تھے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے جن کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کیے ان میں علی امین گنڈاپور کا نام شامل نہیں تھا۔ تا ہم بعد ازاں ان کی کامیابی کے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیئے گئے۔