اسلام آباد( نئی تازہ مانیٹرنگ) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کمشنر راولپنڈی کے الزامات کی تردید کر تے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی سے متعلق انہوں نے جھوٹ بولا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کہا کہ میری کمشنر راولپنڈی سے الیکشن کے معاملے پر کبھی کوئی بات نہیں ہوئی انہوں نے میرا نام لے کر جھوٹ بولا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن، کمشنر راولپنڈی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر یا الیکشن کمیشن پر لگائے گئے الزامات کی سختی سے تردید کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے کسی عہدے دار نےانتخابی نتائج کی تبدیلی کے لیے کمشنر راولپنڈی کو کبھی کوئی ہدایات جاری نہیں کیں۔
سکندر سلطان راجا نے کہا کہ کسی بھی ڈویژن کا کمشنر نہ تو ڈی آر او، آر اورنہ پریذائیڈنگ آفیسر ہوتا ہے اور نہ ہی الیکشن کے انعقاد میں اس کا کوئی براہ راست کردار ہوتا ہے، تاہم الیکشن کمیشن اس معاملے کی جلد انکوائری کروائے گا۔