کراچی:( نئی تازہ رپورٹ) وزیراعلیٰ سندھ نے انٹر بورڈ کراچی کے فرسٹ ایئر 2023 کے امتحانی نتائج میں طلبا کو 15 فیصد اضافی نمبر دینے کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے یہ فیصلہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی سفارش پر کیا، جس نے انٹر بورڈ کے امتحانات میں طلبا کی کامیابی کے تناسب میں کمی کے معاملہ کا جائزہ لیا تھا۔
کمیٹی کی سفارش پر وزیراعلیٰ سندھ نے آئی ٹی سیکٹر کے محمد شہیر وقار کو فوراً عہدے سے ہٹانے کی ہدایت کی ہے۔
کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ پری انجنیئرنگ، پری میڈیکل اور جنرل سائنس کے طلبا کو 15 فیصد اضافی نمبر دیے جائیں۔ ریاضی میں 15 ، فزکس اور شماریات میں 12 اضافی مارکس دیے جائیں گے۔ کیمسٹری میں 12، باٹنی میں 6 اور زوالوجی میں 6 مارکس اضافی دیے جائیں گے۔
کمیٹی کی طرف سے تعلیمی سال کے آغاز سے پہلے امتحانی پیپرز کا پیٹرن اورمارکس کی اسکیم بنانے کی سفارش کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق پیپر پیٹرن اور مارکنگ اسکیم کم از کم 3 سال تک نافذ العمل رہے گی۔
وزیراعلیٰ نے کمیٹی کی سفارش پرپیپرز کی جانچ کے مراکز کی تعداد بڑھاکر 10 کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ انہوں نے ایم سی کیوز کے پیپر کو OMR سسٹم سے جانچنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کوئی غلطی نہ ہو۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی ہے کہ امتحانات سے متعلق تمام عملہ بشمول ہیڈ ایگزامینرز، ایگزامینرز، انویجیلیٹرز کی تربیت کی جائے اورتعلیمی بورڈ کے قواعد و ضوابط کی سختی سے پابندی کرائی جائے۔
کمیٹی کے مطابق امتحانات کے کنٹرولر، تمام ڈپٹی کنٹرولرز اور آئی ٹی منیجر امتحانات 2023 کے انعقاد کے ذمے دار ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے قواعد و ضوابط پر عمل نہ کرنے والے بورڈ افسران کے خلاف اظہاروجوہ کے نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کردی۔