لاہور ( نئی تازہ رپورٹ) پنجاب میں اورنج لائن ٹرین اور میٹرو بس سروسز کے کرایوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب اور ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے فوری نافذ العمل ہونے والے فیصلے کے تحت، اورنج لائن میٹرو ٹرین اور میٹرو بس سروسز کے کرایوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
کرایوں میں اضافے کے فیصلے سے لاہور اور ملتان کے ہزاروں شہری متاثر ہوں گے۔
کرایوں میں کیا تبدیلیاں کی گئی ہیں
اورنج لائن ٹرین:
کم از کم کرایہ 20 روپے بڑھا کر25 روپے کر دیا گیا ہے۔
زیادہ سے زیادہ کرایہ 40 سے بڑھا کر 45 روپے کر دیا گیا ہے۔
میٹرو بس سروس (لاہور اور ملتان):
کم از کم کرایہ 20 روپے سے بڑھا کر 25 روپے کر دیا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق آپریشنل اخراجات میں اضافے کی وجہ سے کرایوں میں معمولی اضافہ کیا گیا گیا ہے، فیصلے پر عوام کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔ کچھ مسافروں نے اسے اضافی مالی بوجھ قرار دیتے ہوئے اس پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ جبکہ بعض مسافروں کی رائے میں پرائیویٹ ٹرانسپورٹ کی نسبت یہ کرایہ اب بھی مناسب ہے ، تاہم زیادہ تر شہریوں کی رائے تھی کہ اب وفاق اور صوبوں میں نئی حکومتیں قائم ہو رہی ہیں تو یہ فیصلہ نئی حکومت پر چھوڑ دینا چاہئے تھا۔
پنجاب ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے مسافروں کومشورہ دیا گیا ہے کہ مزید معلومات کے لیے پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی ویب سائٹ یا اپنے مقامی اسٹیشن سے رابطہ کر کے تفصیلات حاصل کریں۔