اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) حکومت نے 16فروری 2024 سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔
وزارت خزانہ سے جاری بیان کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 73 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 275 روپے 62 پیسے ہو گئی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اطلاق 16فروری 2024 سے ہو گا۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 37 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے ، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 287 روپے 33 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں ردوبدل نہیں کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں 2 ہفتوں کے دوران خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور خام تیل مہنگا ہونے سے ریفائنریزکی پیداواری لاگت بڑھی ہے۔
اس سے قبل 31 جنوری کو وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اعلان کیا تھا۔
وزارت خزانہ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یکم فروری سے پیٹرول کی قیمت میں 13 روپے 55 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا اور پیٹرول کی نئی قیمت 272 روپے 89 پیسے فی لیٹر ہو گئی تھی۔
اسی طرح ڈیزل کی قیمت 2 روپے75 پیسے اضافے کے بعد 278 روپے 96 پیسے فی لیٹر ہو گئی تھی۔