راولپنڈی ( نئی تازہ مانیٹرنگ) خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو 10،10 سال قید بامشقت کی سزا سنادی۔
خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے منگل کو اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت کی، عمران خان اور شاہ محمود قریشی سماعت کے وقت عدالت میں موجود تھے۔
جج نے فیصلہ سناتے وقت عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا میری طرف دیکھیں، میں آپ کو 10، 10 سال قید کی سزا سناتا ہوں۔
فیصلے کے بعد شاہ محمود قریشی نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ میرا تو ابھی بیان ہی ریکارڈ نہیں ہوا۔
یاد رہے کہ خصوصی عدالت میں زیر سماعت سائفر کیس کی کارروائی کے دوران عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف 25 گواہان کے بیانات قلمبند کر لیے گئے تھے۔ کیس میں تمام 25 گواہان کے بیانات پر جرح بھی مکمل لی گئی تھی ۔
یاد رہے سائفر کیس سفارتی دستاویز سے متعلق ہے جو مبینہ طور پر عمران خان کے پاس سے غائب ہو گئی تھی، میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور شاہ محمود قریشی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں تھے۔