اسلام آباد( نئی تازہ رپورٹ) الیکشن کمیشن نے انٹراپارٹی کیس میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کا انتخابی نشان لالٹین جاری کر دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق محفوظ فیصلہ سنا دیا. الیکشن کمیشن نے اے این پی کو 20 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے کیونکہ اے این پی نے الیکشن کمیشن سے مزید مہلت طلب کی تھی، جس کے بعد 10 مئی تک مہلت دے دی گئی ۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 21 دسمبر کوعوامی نیشنل پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ اے این پی نے انٹرا پارٹی انتخابات کے لیے التوا مانگا ہے، یکم مئی 2024 کو 5 سال پورے ہوجائیں گے۔
وکیل اے این پی نے اپنے دلائل میں کہا تھا کہ آئین کہتا ہے انتخابات کی صورت میں کابینہ کام کرتی رہے گی،انہوں نے کہاکہ عام انتخابات آ رہےہیں، انٹرا پارٹی انتخابات میں پھنس گئے تو مسئلہ ہوگا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نےکہا تھا کہ ہم آپ کو پانچ سال سے زائد کا وقت نہیں دے سکتے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 13 سیاسی جماعتوں کے انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے کے معاملے پر محفوظ فیصلہ سنادیا۔
فیصلےمیں کہا گیا کہ جو سیاسی جماعتیں پارٹی انتخابات کروانے میں ناکام رہیں، انہیں ڈی لسٹ کردیا گیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانے پر 13 سیاسی جماعتوں کو ڈی لسٹ کر دیا۔ 2 سیاسی جماعتوں کے انٹرا پارٹی انتخابات قبول اور 13 کے مسترد کر دیے گئے۔
ای سی پی کے فیصلے میں 13 جماعتوں کو ڈی لسٹ کرتے ہوئے کہا گیا کہ سیاسی جماعتوں کا رویہ غیر سنجیدہ تھا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے جمعیت علمائے پاکستان کی انٹرا پارٹی تفصیلات قبول کر لیں اور انتخابی نشان جاری کر دیا۔
الیکشن کمیشن کی طرف سے پاکستان مسلم لیگ جناح کو بھی انتخابی نشان جاری کر دیا گیا۔ ای سی پی نے آل پاکستان مائینارٹی الائنس، آل پاکستان تحریک، عوامی پارٹی پاکستان، بہاولپور نیشنل عوامی پارٹی کو ڈی لسٹ کر دیا ہے۔
انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے پر سب کا پاکستان، پاکستان امن کونسل پارٹی، پاکستان نیشنل مسلم لیگ،پاکستان امن پارٹی، پاکستان برابری پارٹی، مسیحی عوامی پارٹی، پاکستان قومی یکجہتی پارٹی، سنی تحریک اور نظام مصطفی پارٹی کو بھی ڈی لسٹ کر دیا۔
ای سی پی نے بہاولپورنیشنل عوامی پارٹی،سب کا پاکستان،پاکستان امن کونسل پارٹی، پاکستان نیشنل مسلم لیگ کو انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے پر ڈی لسٹ کردیا ۔
جمعیت علماء پاکستان امام نورانی پارٹی کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی گئی ہے،جےیو آئی پاکستان امام نورانی کو انتخابی نشان بھی الاٹ کردیا گیا ہے۔