اسلام اباد ( نئی تازہ رپورٹ)سپریم کورٹ نے آئین کے آرٹیکل 62 (ون) (ایف) کے تحت تاحیات نااہلی ختم کر دی ۔
چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سبراہی میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے سات رکنی لارجر بینچ نے تاحیات نااہلی کیس کا مختصر فیصلہ سنا دیا۔
کیس کی سماعت چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 7 رکنی بینچ نے کی، بینچ میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی شامل تھے۔
چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی طرف سے سنائے گئے مختصر فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سیاستدانوں کی نااہلی تاحیات نہیں ہوگی ، آرٹیکل 62 (ون) (ایف) کے تحت سیاستدانوں کی نااہلی کی مدت اب 5 سال ہوگی ۔
سپریم کورٹ نے سمیع اللہ بلوچ نااہلی کیس کے فیصلے کو ختم کردیا ہے۔
سپریم کورٹ کے 7 رکنی بینچ نے 1-6 کے تناسب سے فیصلہ سنایا ، بینچ کے ایک رکن جسٹس یحییٰ آفریدی نے اکثریتی فیصلے سے اختلاف کیا۔
سپریم کورٹ نے 5 جنوری کو سیاستدانوں کی تاحیات نااہلی کی مدت کے تعین سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔
سپریم کورٹ کی طرف سے آرٹیکل 62 ون ایف کی تشریح کا فیصلہ آنے کے بعد سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین کی نااہلی ختم ہوگئی ہے۔