ملتان(نئی تازہ رپورٹ ) الیکشن ٹریبونل نے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ درست قرار دیتے ہوئے انہیں انتخابات کے لیے نااہل قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی جوالیکشن ٹریبونل ملتان نے مسترد کر دی ، الیکشن ٹریبونل کے جسٹس سرفراز ڈوگر نے شاہ محمود قریشی کے پی پی 219 سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنےکا آر او کا فیصلہ درست قرار دے دیا۔
الیکشن ٹریبونل نے شاہ محمود قریشی کے بیٹے اور بیٹی کی اپیل منظور کر لی اور زین قریشی اور مہربانو قریشی کو این اے 150 ، این اے 151 اور پی پی 218 سے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔
شاہ محمود قریشی کے وکیل مہر ضمیر سنڈھل کے مطابق کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف ڈویژنل بینچ میں اپیل دائر کی جائے گی۔