راولپنڈی( نئی تازہ رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو مزید 12 مقدمات میں گرفتار کرلیا گیا۔
پراسیکیوٹر کے مطابق شاہ محمود قریشی کے خلاف سانحہ9 مئی کے حوالے سے ضلع راولپنڈی میں 12 مقدمات درج ہیں۔
شاہ محمود قریشی جی ایچ کیو، آرمی میوزیم پر حملے، حساس ادارے کے دفتر پر حملے اور میٹرو بس اسٹیشن جلانے کے کیسز میں نامزد ہیں ، پولیس نے ان کی تمام 12 مقدمات میں گرفتاری ڈال دی ہے۔
پراسیکیوٹر نے جمعرات کو عدالت سے پی ٹی آئی رہنما کے جسمانی ریمانڈ اور تمام مقدمات میں ایک ساتھ تفتیش کی اجازت دینے کی استدعا کی۔ تاہم عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا۔