اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) وفاقی حکومت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے احکامات پر آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان اور ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن کوعہدوں سے ہٹا دیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے دونوں افسران کو اپنے عہدوں سے ہٹانے کا حکم دیا تھا تاہم کئی روز گزرنے کے باوجود انہیں نہ ہٹائے جانے پر الیکشن کمیشن نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو 26 دسمبر کو طلب کر رکھا تھا۔
تاہم 26 دسمبر سے قبل ہی اسٹیلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے پیر کوجاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ آئی جی اکبر ناصر خان اور ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے سیکرٹری خرم آغا کی جانب سے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو اس سلسلہ میں بھجوائے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ آئی جی اور ڈی سی اسلام آباد کی جگہ تعیناتی کیلئے پینل آف آفیسرز تجویز کیے جائیں۔
دوسری جانب نگران وزیراعظم انوار الحق کاکٹر نے اپنے مشیر احد چیمہ کو بھی عہدے سے ہٹانے کی منظوری دے دی ہے۔
19 دسمبر کو الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ کو فوری طور پر ہٹانے کا حکم دیا تھا۔
احد چیمہ کو بھی عہدے سے ہٹانے کی سمری صدر مملکت عارف علوی کو ارسال کر دی گئی ہے۔
کابینہ ڈویژن کے مطابق الیکشن کمیشن نے احد چیمہ کو عہدے سے ہٹانے کا کہا تھا۔