لاہور( نئی تازہ رپورٹ) سینئروکیل اور سیاستدان سردار لطیف کھوسہ نے پیپلز پارٹی چھور کر پاکستان تحریک انصاف میں باضابطہ شمولیت کا اعلان کردیا۔
لاہور میں اتوار کو پریس کانفرنس کے دوران لطیف کھوسہ نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا ،اس موقع پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تاریخ میں دیکھیں تو اوپر سے نیچے تک عوام ہی ریاست ہیں، پرامید ہوں نفرتوں کی سیاست ختم ہوگی، نفرتوں کو دفن کرکے نئے سفرکی دعوت دیتا ہوں۔
لطیف کھوسہ نے کہا کہ وکالت اور سیاست عبادت سمجھ کر کی ہے ۔ سچ کی آواز شدت سے بلند کرنے کیلئے پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ 25 کروڑ عوام عدلیہ کی طرف دیکھ رہے ہیں، یہ ادارے ہمارے ہیں، یہ فوج ہماری ہے۔
یاد رہے کہ سردار لطیف کھوسہ نے چند روز قبل ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جلد ہی تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کرنے والے ہیں، وہ چند روز میں باضابطہ طور پر اس کا اعلان پریس کانفرنس کے دوران کریں گے۔
سردار لطیف کھوسہ نے کہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف نے مجھ سے پارٹی میں شمولیت کی استدعا کافی عرصے سے کر رکھی ہے، میں نے اپنی فیملی اور دوستوں سے مشاورت کی جس کے بعد فیصلہ کیا، انہوں نے کہا تھا کہ یہ فیصلہ ہونا باقی ہے کہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ پروہ الیکشن لڑیں گے یا پھر ان کے بیٹے حصہ لیں گے۔