اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا ، ملک بھر میں پولنگ 8 فروری 2024 کو ہوگی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 9 فروری کو ریٹرننگ افسران کی طرف سے نوٹس جاری ہوں گے، 20 سے 22 دسمبر کے دوران امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کراسکیں گےجبکہ 23 دسمبر تک امیدواروں کے ناموں کی فہرست جاری کی جائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ریٹرننگ افسران 24 سے 30 دسمبر تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کریں گے اور 3 جنوری 2024 تک کاغذات کی منظوری یا مسترد ہونے بارے ریٹرننگ فیسرز کے فیصلوں کے خلاف اپیل دائر کی جاسکے گی۔
اپیلیٹ اتھارٹی 10 جنوری 2024 تک اپیلوں پر فیصلہ کرے گی اور 11 جنوری 2024 کو امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست جاری کی جائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 12 جنوری 2024 کو کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ ہو گی، 13 جنوری 2024 کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے جس کے بعد جمعرات 8 فروری 2024 کو عام انتخابات کے لیے پولنگ ہوگی۔
چاروں صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں، خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے کے لیے بھی اسی شیڈول کا اطلاق ہوگا۔
سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران کی ٹریننگ کا نیا شیڈول بھی جاری کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سپریم کورٹ کے 15 دسمبر 2024 کو جاری احکامات کے تحت ریٹرننگ افسران کی ٹریننگ کا عمل بحال کیا جارہا ہے۔
شیڈول کے مطابق ریٹرننگ افسران کی ٹریننگ کا عمل 17 اور 18 دسمبر 2023 کوہوگا، جبکہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز کی ٹریننگ کے لیے 19 دسمبر 2023 کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔