پشاور (نئی تازہ مانیٹرنگ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹرا پارٹی الیکشن میں بیرسٹر گوہر علی خان بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے۔
پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کی ہدایات کی روشنی میں ہفتہ 2 دسمبر 2023 کو انٹرا پارٹی انتخابات کا انعقاد کیا۔
پارٹی کے چیف الیکشن کمشنر نیاز اللہ نیازی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ بیرسٹر گوہر علی خان پاکستان تحریک انصاف کے بلا مقابلہ چئیرمین منتخب ہوگئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ عمرایوب بلامقابلہ مرکزی جنرل سیکریٹری منتخب ہوئے ہیں
نیاز اللہ نیازی کے مطابق یاسمین راشد پی ٹی آئی پنجاب کی صدر جبکہ منیر احمد بلوچ پی ٹی آئی بلوچستان کے صوبائی صدر منتخب ہوگئے ہیں۔
اس طرح علی امین گنڈا پور خیبرپختونخوا سے جبکہ حلیم عادل شیخ سندھ سےپارٹی کے صوبائی صدر منتخب ہوگئے۔
انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ انٹرا پارٹی انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدوارایک پینل سے تھے اورتمام بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔
چیئرمین منتخب ہونے کے بعد گوہرخان نے گفتگو میں کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ایک جدوجہد کی وجہ سے جیل میں ہیں ، میرا پینل عمران خان کامنتخب کردہ پینل تھا، ہماری آدھی سے زیادہ قیادت جیلوں میں ہے۔
پی ٹی آئی کے نئے چیئرمین گوہر علی خان نے کہا پی ٹی آئی کسی کے ساتھ جھگڑا نہیں کرے گی۔