اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹراورعمران خان کے وکیل بیرسٹرعلی ظفر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات دو دسمبر 2023 کو کرائے جائیں گے ، عمران خان نے بیرسٹر گوہرعلی خان کو چیئرمین کا امیدوار نامزد کیا ہے۔
بیرسٹر علی ظفر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب تک توشہ خانہ کیس کا فیصلہ نہیں آ جاتا تب تک عمران خان انٹرا پارٹی انتخاب نہیں لڑیں گے۔
یاد رہے الیکشن کمیشن نے گذشتہ دنوں پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن کو کالعدم قرار دیتے ہوئے 20 دنوں میں دوبارہ انتخابات کروانے کا حکم دیا تھا۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ عمران خان کسی قسم کا خطرہ مول نہیں لینا چاہتے۔ ’انہوں نے کہا ہے کہ وہ الیکشن میں حصہ لینا چاہتے ہیں اور یہ انٹرا پارٹی الیکشن ان کے لیے اہمیت نہیں رکھتے۔
علی ظفر نے بتایا کہ عمران خان کا کہنا ہے کہ توشہ خانہ کیس کی سماعت اور فیصلہ جلد ہو جائے تو میں بطور چیئرمین دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن لڑ لوں گا۔
اس موقع پربیرسٹرگوہرخان نے کہا کہ نگران چیئرمین پی ٹی آئی نامزد کیے جانے پر خان صاحب کا شکریہ ادا کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔
بیرسٹرگوہرعلی خان نے کہا کہ میں عمران خان کے نامزد نمائندہ جانشین کی حیثیت سے ہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی وہ ہی ہے جو عمران خان کی ہے، خان صاحب لیڈر ہیں، چاہے وہ جیل کے اندر ہیں یا جیل سے باہر ہیں، میں اس وقت تک اس سیٹ پر ذمہ داریاں نبھاؤں گا جب تک خان صاحب اپنی سیٹ پر باعزت طور پر واپس نہیں آتے۔