غزہ ( نئی تازہ مانیٹرنگ) اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی میں دو دن کی توسیع کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔
قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد محمد الانصاری نے اس بات کا اعلان سوشل میڈیا پرجاری ایک بیان میں کیا۔
ترجمان کے مطابق ثالثی کے ایک حصے کے طور پر، غزہ کی پٹی میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی میں مزید دو دن توسیع کے لیے ایک معاہدہ طے پا گیا ہے۔
حماس نے قطری وزات خارجہ کے بیان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ قطر اور مصر کو جنگ بندی میں 2 روز کی توسیع سے آگاہ کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل حماس نے جنگ بندی میں توسیع کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس کیلئے تیار ہیں، اُدھر امریکی حکام بھی پُرامید تھے کہ فریقین کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے میں توسیع ہوجائے گی۔
حماس کے مطابق جنگ بندی کے دوران مزید قیدیوں کی رہائی کے لیے فہرست تیار کرلی گئی ہے، دو روزہ توسیع کی شرائط پہلے معاہدے جیسی ہی ہیں۔
یاد رہے کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان چار روزہ عارضی جنگ بندی کا آج آخری روز تھا۔
حماس اور اسرائیل کے درمیان عارضی جنگ بندی کے معاہدے کا اطلاق جمعہ سے ہوا تھا جس کے بعد دونوں جانب سے درجنوں یرغمالیوں کو رہا کیا جاچکا ہے۔
اس سے قبل اسرائیلی وزیراعظم نے اتوار کے روز کہا تھا کہ ہم جنگ بندی معاہدے میں توسیع کا خیر مقدم کریں گے تاہم اس کے بدلے حماس روزانہ کی بنیاد پر 10 یرغمالیوں کو رہا کرے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریش نے اسرائیل اور حماس کے درمیان عارضی جنگ بندی کے بجائے مکمل جنگ بندی پر زور دیا ہے۔