اسلام آباد( نئی تازہ رپورٹ) وفاقی حکومت نے سول ایوی ایشن کو دو حصوں میں تقسیم کردیا، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی اور سول ایوی ایشن کے محکمے الگ کر دیئے گئے۔
بیان کے مطابق ایئرپورٹس ، پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کے تحت ہوں گے جبکہ لائسنسنگ، ایروردی نیس، فلائٹ اسٹینڈرڈ، ایئر ٹرانسپورٹ سمیت دیگرشعبہ جات سول ایوی ایشن اتھارٹی کے تحت آئیں گے۔
بیان کے مطابق پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایکٹ 2023 کو نافذ کردیا گیا ہے ، بتایا گیا ہے کہ دونوں محکموں کے سربراہ بھی الگ الگ ہوں گے۔
عالمی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کی طرف سے ایئرپورٹ سروس اور ریگولیٹری کو توڑ کر 2 نئے محکمے بنانے کی ہدایت کی گئی تھی۔ سول ایوی ایشن اور پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی کے ایکٹس 10 نومبر سے نافذ کردیے گئے۔
وزارت ہوابازی نے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کو الگ محکمے کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ سی اے اے اور ایئرپورٹس اتھارٹی سے ملازمین کی تعداد، اثاثوں سمیت دیگر تفصیلات فوری فراہم کی جائیں۔
گزشتہ حکومت کی طرف سے سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ایئرپورٹ اتھارٹی کے دو الگ محکمے بنانے کے ایکٹس پارلیمنٹ سے منظور کیے گئے تھے۔