اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) ملک بھر میں عام انتخابات جمعرات 8 فروری 2024 کو ہوں گے، الیکشن کمیشن اور صدر مملکت میں اتفاق ہوگیا۔
ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت اور چیف الیکشن کمشنر کے درمیان عام انتخابات 8 فروری 2024 کو کرانے پر اتفاق ہوا ہے۔
90 روز میں انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے وکیل سپریم کورٹ میں پیش ہوئے اور بتایا کہ الیکشن کمیشن 11 فروری 2024 کو ملک میں الیکشن کروانے کے لیے تیار ہے۔
عدالت نے حکم دیا کہ الیکشن کمیشن صدر مملکت سے آج ہی مشاورت کرے اور کل عدالت کو الیکشن کی تاریخ سے متعلق آگاہ کیا جائے۔
سپریم کورٹ کے حکم پر صدر عارف علوی سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور اٹارنی جنرل منصور عثمان نے ملاقات کی جس میں الیکشن کمیشن کے ارکان بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق صدر سے چیف الیکشن کمشنر اور اٹارنی جنرل کی ملاقات ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی جس میں عام انتخابات کے لیے صدر مملکت کے سامنے 3 تاریخیں رکھی گئیں ۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے 28 جنوری ، 4 فروری اور 11 فروری کی تاریخوں پر رائے دی، تاہم الیکشن کمیشن کی جانب سے 11 فروری کو انتخابات کے لیے موزوں قرار دیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق چیف الیکشن کمشنر صدر سے ملاقات کے بعد ایوان صدر سے روانہ ہوکر الیکشن کمیشن پہنچے جہاں انہوں نے صدر مملکت کوملک میں 11 فروری کو الیکشن کرانے کا لیٹر لکھا ۔
ای سی پی نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے عام انتخابات کی تاریخ 11 فروری تجویز کررہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق صدر مملکت اور چیف الیکشن کمشنر کے درمیان ملاقات میں الیکشن کی تاریخ پر اتفاق نہ ہوا۔
ذرائع نے بتایا کہ اٹارنی جنرل صدر مملکت کا پیغام لے کر چیف الیکشن کمشنر کے پاس پہنچے، اور صدر مملکت کا الیکشن کی تاریخ بارے مؤقف چیف الیکشن کمشنر کے سامنے رکھا۔