اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں آئندہ 15 روز تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں کمی کر دی گئی۔
خزانہ ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی موجودہ قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پیٹرول کی قیمت 283 روپے 38 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 303 روپے 18 پیسے رہے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 82 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، اور فی لیٹرنئی قیمت 211 روپے 3 پیسے ہوگی۔
لائٹ ڈیزل آئل کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 40 پیسے کمی کر کے نئی قیمت 189 روپے 46 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم نومبر 2023 سے ہوگا۔
حکومت نے 15 اکتوبر کو پیٹرول کی قیمت میں 40 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا تھا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایاجا رہا تھا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر بہتر ہونے کی وجہ سے یکم نومبر سے ڈیزل اور پیٹرول کی قیمت میں مزید کمی متوقع ہے۔