اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک میں عام انتخابات 28 جنوری 2024 کوکرانے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں ۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان سپریم کورٹ کو اس بارے میں 2 روز بعد تحریری طور پر آگاہ کر دےگا۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے مجوزہ تاریخ پرانتخابات کرانےکی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز ایک بیان میں واضح کیا تھا کہ ہم انتخابات کے لیے پوری طرح تیار ہیں اور حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہونے پر انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر دیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نئی حلقہ بندیوں سے متعلق اعتراضات پر یکم نومبر سے سماعت کا فیصلہ کیا ہے۔
ای سی پی نے نئی حلقہ بندیوں بارے اعتراضات سننے کیلئے دو الگ الگ بینچز تشکیل دے دیے ہیں۔
بینچ نمر ایک اسلام آباد، شیخوپورہ، خضدار، سیالکوٹ اور راجن پور ریجن کے اعتراضات پر سماعت کرے گا جبکہ بینچ نمبردو میں کرم، خیبر ایجنسی، ننکانہ، اٹک، جہلم، کوہاٹ اور کورنگی کی حلقہ بندیوں پر اعتراضات کی سماعت ہوگی۔