اسلام آباد( نئی تازہ رپورٹ) آئندہ سال سرکاری حج اسکیم کے تحت فی کس11لاکھ روپے وصول کیے جائیں گے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق حج پر 28 کروڑ ڈالرزکے اخراجات ہوں گے، وزارت مذہبی امور نے حج آپریشن کے لیے وزارت خزانہ سے رابطہ کیا ہے، ڈالر کا بوجھ کم کرنے کیلیے آئندہ برس بھی اسپانسر شپ اسکیم جاری رکھی جائے گی، اسپانسر شپ اسکیم کے تحت 10ہزار عازمین فریضہ حج ادا کر سکیں گے۔
وزارت مذہبی امور کےذرائع کے مطابق اسپانسرشپ اسکیم میں شمولیت کے لیے پاکستانی پاسپورٹ درکارہوگا، اسپانسر شپ اسکیم میں حج اخراجات کی رقم ڈالرز میں ادا کرنا ہو گی، اس اسکیم کے تحت دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اور ان کے رشتہ دار حج کرسکیں گے۔
رپورٹس کے مطابق اسپانسر شپ اسکیم کے درخواست دہندگان قرعہ اندازی سے مستثنیٰ ہوں گے،2024کے حج کے لیے پا کستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ 79ہزار 210ہے، جس میں سے 50فیصد کوٹہ سرکاری اور 50فیصد نجی حج سکیم کے لیے مختص ہو گا۔