اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) وزیراعظم انوار الحق کاکڑ 16 اکتوبر کوبیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے وفد کے ہمراہ چین کا دورہ کریں گے۔
چینی دارالحکومت بیجنگ میں 17 سے 18 اکتوبر تک بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) کے تحت بین الاقوامی تعاون پر تیسرا سربراہی اجلاس منعقد ہو گا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سربراہی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے ۔
مبصرین کے مطابق یہ اجلاس نا صرف بی آر آئی کی 10ویں سالگرہ کے موقع پر یادگاری تقریبات کا حصہ ہے، بلکہ تمام شراکت داروں کے لیے اعلیٰ معیار کے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کی منصوبہ بندی کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم بھی ہے۔
اس سربراہی اجلاس میں روس کے صدر ولادیمیر پوتن سمیت دنیا بھر سے متعدد رہنما شرکت کریں گے ، چین نے اجلاس میں ایشیا، مشرق وسطیٰ، یورپ، افریقہ اور لاطینی امریکہ کے 50 سے زائد ممالک کے رہنماؤں کو مدعو کیا ہے۔
پہلا بیلٹ اینڈ روڈ فورم مئی 2017 میں بیجنگ میں منعقد ہوا تھا جس میں روس، چین اور یوریشیا، افریقہ اور لاطینی امریکہ کے 28 ممالک کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی تھی۔ جبکہ دوسرا اجلاس اپریل 2019 میں چینی دارالحکومت میں ہی منعقد ہواتھا۔ یاد رہے کہ چینی صدر شی جن پنگ نے 2013 میں بیلٹ اینڈ روڈانیشیٹو کا آغاز کیاتھا۔