اسلام آباد( نئی تازہ رپورٹ) سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی پر 17 اکتوبر کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔
پیر کو اسلام آباد کی آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کےجج ابوالحسنات ذوالقرنین کیس کی سماعت کے لیے اڈیالہ جیل عدالت پہنچے،سرکاری پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی، عمران خان کے وکیل سلمان صفدر بٹ اور شاہ محمود قریشی کی بیٹی اور بیٹا بھی اڈیالہ جیل میں قئم عدالت پہنچ گئے۔ اس موقع پر ایف آئی اے کی ٹیم اور تفتیشی افسر بھی چالان کی نقول کے ساتھ اڈیالہ جیل موجود تھے۔
کیس کی سماعت کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا میں چالان کی نقول تقسیم کی گئیں جب کہ عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا، وکلا نے چیئرمین پی ٹی آئی سے جالیوں میں مختصر ملاقات کی۔
پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے کی مکمل نقول نہیں دے سکتے، تاہم جو ضروری نقول تھیں، وہ فراہم کردی گئی ہیں۔ بعد ازاں عدالت نےہدایت کی کہ 17 اکتوبر کو فرد جرم کے ساتھ تمام سرکاری گواہان کی طلبی ہوگی۔
عدالتی احکامت کے بعد سائفر کیس کا باقاعدہ ٹرائل شروع ہوگیا ہے، آئندہ تاریخ 17 اکتوبر کوعمران خان اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔