واشنگٹن( نئی تازہ رپورٹ) امریکہ نے اسرائیل کو امریکی ویزہ ویور پروگرام (VWP) میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے ، اسرائیلی شہریوں کو 30 نومبر سے بغیر ویزا امریکہ میں داخلے کی اجازت مل جائے گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بائیڈن انتظامیہ کا مذکورہ بالا فیصلہ اسرائیل کی وزارت خارجہ کی جانب سے دیے گئے بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس مں کہا گیا تھا کہ ایسا فیصلہ وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی مذہبی قوم پرست حکومت کے لیے ایک کامیابی ہوگی۔
اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے امریکی حکومت کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ امریکی اقدام سے اسرائیل اور امریکا کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
امریکی وزیر خارجہ بلنکن نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیلیوں کیلئے ویزہ فری سفر کا اقدام اسرائیل سے اسٹریٹجک شراکت داری کا حصہ ہے، اس اقدام سے اسرائیل میں امریکیوں کو بھی آزاد نقل و حرکت کا موقع ملے گا۔
امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ اس فیصلے سے خاص طور پر فلسطینی علاقوں میں رہنے والے امریکی شہریوں کو فائدہ ہوگا۔
امریکی ہوم لینڈ سیکیورٹی کے سکریٹری الیجینڈرو میئرکاس نے اس حوالے سے کہا کہ یہ فیصلہ امریکا اور اسرائیل کے درمیان سیکورٹی، اقتصادی اور عوام کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔