اٹک /اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقل ہونے سے انکار کر دیا ۔
نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے عدالت کے سامنے اٹک جیل سے اڈیالہ جیل راولپنڈی منتقل نہ کرنے کا بیان دے دیا، عمران خان نے کہا کہ اڈیالہ جیل منتقل نہیں ہونا چاہتا، میں اٹک جیل میں ایڈجسٹ ہو گیا ہوں، اپنے وکلا سے کہوں گا کہ اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست واپس لے لیں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے گذشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔
اس دوران خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 اکتوبر تک توسیع کردی ہے۔
اسپیشل سیکریٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے پیر کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف اٹک جیل میں سائفر کیس کی سماعت کی ، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا اور ایف آئی اے کی لیگل ٹیم عدالت میں موجود تھی۔
عدالت نے ایف آئی اے کو آج تک چالان جمع کرانے کی ہدایت کر رکھی تھی لیکن آج بھی چالان جمع نہیں کرایا گیا اور ایف آئی اے نے مزید مہلت طلب کر لی، جس پر عدالت نے جلد چالان جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سماعت کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 اکتوبر تک توسیع کردی۔
دوسری جانب وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کو جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا، سائفر کیس میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے اِن کیمرہ سماعت کی۔
سماعت کے بعد عدالت نے شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی 10 اکتوبر تک توسیع کر دی۔
یاد رہے کہ عدالت نے شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت گزشتہ سماعت میں مسترد کردی تھی۔
( naitaza report)