اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) نگران حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں ایک بار پھربڑا اضافہ کردیا، پیٹرول 26 روپے 2 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 17 روپے 34 پیسے فی لیٹر مہنگا ہو گیا۔
جمعہ کی شب فنانس ڈویژن سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا فیصلہ کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 26 روپے 2 پیسے اضافے کے بعد 331 روپے 38 پیسے فی لیٹرہوگی۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 17 روپے 34 پیسے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 329 روپے 18 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج 16 ستمبر سے ہوگا۔
یاد رہے کہ 31 اگست کو نگران حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں مسلسل دوسری مرتبہ اضافہ کیا تھا جس سے ملکی تاریخ میں پہلی بار پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت 300 روپے فی لیٹر سے تجاوز کر گئی تھی۔
31 اگست کو نگران حکومت نے اقتدار میں آنے کے ایک ماہ سے بھی کم عرصہ میں مسلسل دوسری مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا ۔
قبل ازیں 16 اگست کو بھی نگران حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں بالترتیب 17 روپے 50 پیسے اور 20 روپے کا اضافہ کیا تھا۔
یکم اگست کو گزشتہ حکومت نے بھی اپنی آئینی مدت مکمل ہونے سے قبل پیٹرول کی قیمت میں نمایاں اضافہ کیا تھا۔