اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت نے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنمائوں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کردیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی ، عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے وکلا نے دلائل دیے۔ وکیل چیئرمین پی ٹی آئی سلمان صفدر نے تحریری دلائل لکھوائے۔
عمران خان کے وکیل بابر اعوان،پی ٹی آئی کے وکیل وکیل شیرافضل مروت اورشاہ محمودقریشی کے وکیل شعیب شاہین نے بھی دلائل دیئے۔
ایف آئی اے کے پراسیکیوٹرز نے دلائل دیے، اورسماعت ان کیمرا کرنے کی درخواست کی۔ عدالت نے درخواست ضمانت پر بقیہ سماعت ان کیمرا ڈکلیئر کردی جج ابوالحسنات ذوالقرنین کے حکم پر غیر متعلقہ افراد، وکلاء اور صحافیوں کو کمرہ عدالت سے نکال دیا گیا۔
بعد ازاں عدالت نے سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو کچھ وقفے کے بعد سنادیا گیا۔ عدالت نے دونوں پی ٹی آئی رہنمائوں کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کردیں۔