اسلام آباد /کراچی ) نئی تازہ مانیٹرنگ) میڈیکل کالجز میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے دوران بلیو ٹوتھ ڈیوائس کی مدد سے نقل کرنے والے درجنوں امیدواروں کو گرفتار کر لیا گیا۔
کراچی ، راولپنڈی ، لاہور کوئٹہ اور پشاور سمیت متعدد شہروں میں میڈیکل کالجز میں داخلے کے لیے آج اتوارکو ملک بھر میں ہونے والے انٹری ٹیسٹ میں ہزاروں طلبا شریک ہیں۔
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی طرف سے واضح کیا گیا تھا کہ ملک بھر میں ایم ڈی کیٹ کا امتحان اتوار10 ستمبر کو ہی ہو گا، اس کے علاوہ کوئی دوسرا ٹیسٹ نہیں ہو گا لہذا جن امیدواروں نے رجسٹریشن کر ائی ہے وہ اپنے متعلقہ امتحانی مراکز پہنچ جائیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق صوبہ سندھ سے 40 ہزار سے زائد طلبا میڈیکل کالجز میں داخلے کے لیے امتحان دے رہے ہیں، لاہور میں 19 ہزار سے زائد اور بلوچستان میں 9 ہزار سے زائد امیدواروں نے رجسٹریشن کر ائی تھی۔
وزارت تعلیم کی طرف سے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے لیے امتحانی مراکز پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ بعض مراکز پر دفعہ 144 نافذ ہے۔
اس دوران ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کا پرچہ آؤٹ کرانے کا منصوبہ سامنے آیا ہے جسے ناکام بنا دیا گیا۔
سیکرٹری اعلیٰ تعلیم نے بتایا کہ بلیو ٹوتھ ڈیوائس کی مدد سے نقل کرنے والے درجنوں امیدواروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
سیکرٹری تعلیم کے مطابق بلیوٹوتھ سے ٹیسٹ کو آؤٹ کرانے والے خفیہ گروہ کی اطلاع ملی تھی، اطلاعات میں بتایا گیا کہ ایک گروہ بلیو ٹوتھ ڈیوائسز سے ٹیسٹ میں طلبا کی مدد کرے گا، ڈیوائس سے امتحانی ہالوں میں امیدواروں نے پرچہ آؤٹ کر کے حل کرنا تھا۔