اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) پی ٹی آئی کے صدر، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو رہائی کے بعد ایک بار پھرگرفتار کرلیا گیا۔
منگل کو پرویز الٰہی کو اسلام اباد ہائی کورٹ کے حکم پر رہا کرکے ان کے وکیل کی گاڑی میں روانہ کیا گیا تاہم پولیس لائنز سے کچھ دور جانے پر انہیں دوبارہ گرفتار کیا گیا۔
پرویز الہٰی کے وکیل سردار عبدلرازق اور سردار شہباز عدالتی احکامات لے کر پولیس لائنز پہنچے، جہاں انہیں سیکیورٹی اہلکاروں نے مین گیٹ پر ہی روک لیا۔ بعد ازاں بحث و تکرا رکے بعد انہیں اندر داخل ہونے کی اجازت ملی۔
وکلا نے پرویز الہیٰ کی رہائی بارے تحریری حکم نامہ پولیس کے حوالے کیا جس کے بعد انہیں رہا کیا گیا مگر باہر آتے ہی ایک بار پھر انہیں گرفتار کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پرویز الٰہی کواسلام آباد پولیس کے انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ نے گرفتار کیا۔
اس حوالے سے اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ پرویز الٰہی کو تھانہ سی ٹی ڈی نے مقدمہ نمبر 3/23 میں گرفتار کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کیخلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں 18 مارچ 2023 کو جوڈیشل کمپلیکس کے باہر ہنگامہ آرائی کا مقدمہ دہشت گردی سمیت 11 دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔
ایس ایچ او تھانہ رمنا کی مدعیت میں درج مقدمہ میں چیئرمین پی ٹی آئی سمیت 17 افراد نامزد ہیں۔