کولمبو ( نئی تازہ رپورٹ) پاکستان کرکٹ ٹیم نے افغانستان کو ون ڈے سیریز میں 0-3 سے شکست دے کر دوبارہ عالمی نمبر ایک رینکنگ حاصل کر لی۔
پاکستان کو افغانستان کے خلاف تیسرے میچ کے آغاز سے قبل سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل تھی، قومی ٹیم نے پہلے میچ میں 142 اور دوسرے میچ میں ایک وکٹ سے کامیابی حاصل کی تھی۔
سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے بابر اعظم اور محمد رضوان کی نصف سنچریوں کی بدولت پہلے کھیلتے ہوئے8 وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنائے۔
ہدف تک پہنچنے کی کوشش میں افغان ٹیم صرف 97 رنز پر سات وکٹیں گنوا بیٹھی اور مجیب الرحمان کی صرف 26 گیندوں پر تیز رفتار نصف سنچری بھی افغان ٹیم کے کام نہ آئی ۔ 269 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی پوری ٹیم 48.4 اوورز میں 209 رنز بناسکی ۔
تیسرے میچ میں 59 رنز سے کامیابی کے ساتھ ہی پاکستان نے سیریز میں 0-3 سے کلین سوئپ بھی مکمل کر لیا اور قومی ٹیم ون ڈے رینکنگ میں ایک مرتبہ پھرعالمی نمبر ایک بن گئی۔
پاکستان کی گزشتہ ایک سال کے دوران ون ڈے کرکٹ میں کارکردگی شاندار رہی ہے، ویسٹ انڈیز اور نیدرلینڈز کے خلاف سیریز میں 0-3 سے وائٹ واش کے بعد قومی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف بھی سیریز 1-2 سے جیت لی تھی۔
نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز میں بھی 1-4 سے کامیابی کے بعد افغانستان کے خلاف بھی کلین سویپ کر لیا۔
افغانستان اور پاکستان کی حالیہ ون ڈے سیریز سے قبل آسٹریلیا کی ٹیم ون ڈے رینکنگ میں 118 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست تھی جبکہ پاکستان کے پوائنٹس 115.8 تھے۔
پاک افغان سیریزمیں کلین سوئپ کے بعد پاکستان کے پوائنٹس 118.48 ہو گئے ہیں اورقومی ٹیم مئی کے بعدایک بار پھرعالمی نمبر ایک بن گئی ہے جبکہ 118 پوائنٹس کے ساتھ آسٹریلیا کی ٹیم دوسرے اور بھارت کی ٹیم 113 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔