اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بجلی کے بھاری بلوں کے مسئلےکا نوٹس لیتے ہوئے کل اتوار کوہنگامی اجلاس طلب کر لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بجلی کے بلوں میں اضافے سے شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا، گزشتہ روز ملک کے مختلف شہروں میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔
راولپنڈی،سرگودھا، ملتان، گوجرانوالہ، پشاور اور کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں شہریوں کی بڑی تعداد نے مظاہرے کئے۔ دوسرے روز بھی ملک بھر کے مختلف شہروں میں بجلی کے زیادہ بلوں کے خلاف مظاہرےہوتے رہے،
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے تمام صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے بجلی کے زیادہ بلوں ک معاملہ پر وزیراعظم آفس میں ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اجلاس میں محکمہ بجلی اور تقسیم کار کمپنیوں سے وضاحت طلب کی جائے گی اور صارفین کو ان کے بجلی کے بلوں میں زیادہ سے زیادہ ریلیف کو یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔