اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں سزا کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست پر سماعت کل جمعہ تک ملتوی کر دی گئی۔
سابق وزیراعظم کی درخواست پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے سماعت کی۔
عدالت میں چیرمین پی ٹی آئی کی جانب سے سلمان اکرم راجا، لطیف کھوسہ، بابر اعوان، بیرسٹر علی ظفر، بیرسٹر گوہر، شیر افضل مروت، شعیب شاہین سمیت دو درجن سے زائد وکلا عدالت میں پیش ہیں جب کہ الیکشن کمیشن پاکستان کی جانب سے امجد پرویز اور دیگر موجود تھے۔
وکیل سردار لطیف کھوسہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سزا معطلی کے تین گراؤنڈز ہیں، ایک تو شارٹ سینٹینس ہے، دوسرا کیس کے عدالتی اختیار کا معاملہ ہے، سیشن عدالت براہ راست الیکشن کمیشن کی اپیل پر سماعت کا اختیار نہیں رکھتی، عدالتی دائرہ اختیار کا معاملہ پہلے نمٹایا جانا چاہیے تھا۔ سماعت کے دوران لطیف کھوسہ نے طویل دلائل دیے۔
الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز کے دلائل جاری تھے کہ سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی، اب سماعت جمعہ کو دن ساڑھے گیارہ بجے ہو گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں سزا کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر درخواست پر سماعت کے دوران چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے تھے کہ بادی النظر میں ٹرائل کورٹ کے فیصلے میں غلطیاں ہیں، فی الحال مداخلت نہیں کریں گے، کل ہائی کورٹ میں ہونے والی سماعت دیکھیں گے۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا تھا کہ ہائی کورٹ کل صبح اپیلوں پر سماعت کرے، آسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہو جانے کے بعد ہم یہ کیس سنیں گے۔