نئی دہلی ( نئی تازہ مانیٹرنگ) بھارت کا خلائی مشن چندریان-3 چاند پر کامیابی سے لینڈ کرگیا ، بھارت چاند کے جنوبی پول پر پہنچنے والا ملک بن گیا۔
بھارتی اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (آئی ایس آر او) نے بدھ کو اپنے ہیڈکوارٹرز میں اعلان کیا کہ چندریان 3 نے کامیابی کے ساتھ چاند پر لینڈنگ کرلی ہے ۔ اس طرح بھارت چاند پر پہنچنے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے۔ جبکہ چاند کے تاریک حصے یا جنوبی پول پر پہنچنے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق چندریان 3 مشن 14 جولائی کو روانہ ہوا تھا جو لانچ کے بعد 10 دن تک زمین کے مدار میں موجود رہنے کے بعد 5 اگست کو کامیابی سے چاند کے مدار میں داخل ہوا۔
وکرم نامی لینڈر 17 اگست کو پروپلشن موڈیول سے کامیابی سے الگ ہوگیا تھا، جو آج چاند کی سطح پر کامیابی سے اتر گیا ہے۔
اسپیس ٹیک پارٹنرز کے منیجنگ ڈائریکٹر اور شراکت دار کارلا فلوٹیکونے کہا کہ چاند کے جنوبی حصے پر مشن کا اترنا درحقیقت بھارت کو چاند پر پانی کی موجود گی کی صورت میں اس کی دریافت کا موقع فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ چاند سے متعلق اہم حقائق تک پہنچنے اور سائنس کے لیے نہایت اہم ہے۔