اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے چیف الیکشن کمشنرکو عام انتخابات کی تاریخ طے کرنے کے لیے آج یا کل ملاقات کی دعوت دے دی۔
صدر نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کے نام خط میں آئین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی کی تحلیل کے بعد 90 روز کے اندرالیکشن کا انعقاد ضروری ہے۔
صدر مملکت نے اپنے خط میں کہا ہے کہ وزیراعظم کی تجویز پر قومی اسمبلی 9 اگست 2023 کو تحلیل کردی گئی تھی۔
صدرکے خط میں کہا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 48 کی ذیلی شق 5 کے تحت صدر مملکت الیکشن کی تاریخ دینے کا پابند ہے جو قومی اسمبلی کی تحلیل کے بعد 90 روز سے زیادہ نہ ہو۔
صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 48 کی شق 5 کا بھی حوالہ دیا ہے۔
چیف الیکشن کمیشن کے نام خط میں صدر مملکت نے کہا کہ مناسب تاریخ طے کرنے کے لیے چیف الیکشن کمیشن کو صدر مملکت سے آج ( بدھ) یا کل ( جمعرات) ملاقات کی دعوت دی جاتی ہے۔