اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پارلیمنٹ سے منظور کردہ آفیشل سیکریٹ ترمیمی بل اور آرمی ایکٹ ترمیمی بل پر دستخط کر دیے۔
مدت ختم ہونے سے پہلے قومی اسمبلی نے آفیشل سیکریٹ ایکٹ اور آرمی ایکٹ ترمیمی بل کی منظوری دی تھی۔ جبکہ کچھ شقیں نکالنے کے بعد سینیٹ نے بھی اسے منظور کر لیا تھا۔
قبل ازیں سینیٹ میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ ترمیمی بل پیش کیا گیا تو اپوزیشن اوربعض حکومتی اتحادی ارکان نے اعتراضات اٹھائے تھے، پیپلز پارٹی کے رضا ربانی نے بھی کاپیاں پھاڑ دی تھیں۔
پی ٹی آئی ، جماعت اسلامی، ایم کیو ایم پاکستان، نیشنل پارٹی، پی کے ملی عوامی پارٹی کے علاوہ مسلم لیگ ن کے ڈاکٹر افنان اللہ سمیت بعض ارکان سینیٹ نے بھی بل کے خلاف احتجاج کیا تھا جس پر چیئرمین سینیٹ نے بل قائمہ کمیٹی کو بھجوادیا تھا۔
بعد ازاں آفیشل سیکریٹ ترمیمی بل اور آرمی ایکٹ سے کچھ متنازع شقیں نکال کر دوبارہ سینیٹ میں پیش کیا گیا جسے ایوان بالا نے منظور کیا پھر قومی اسمبلی نے بھی ترمیم شدہ بل کی منظوری دیکر سمری صدر پاکستان کو ارسال کر دی تھی۔