اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیر اعظم کی ایڈوائس پر قومی اسمبلی تحلیل کردی۔نگران وزیراعظم کے آنے تک شہباز شریف ہی بطور وزیر اعظم ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی کی تحلیل کی سمری صدر مملکت کو بھجوائی تھی جس کے بعد صدر عارف علوی نے سمری پر دستخط کردیے۔ اس طرح قومی اسمبلی اپنی مقررہ مدت سے تین روز قبل تحلیل ہوگئی۔
واضح رہے کہ سندھ کی صوبائی اسمبلی کا سیشن جاری ہے جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کے لیے گورنر ملک عبدالولی کاکڑ کو سمری بھیجنے کی خبروں کی تردید کردی ہے۔
عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے مجھے بلوچستان اسمبلی تحلیل کرنے کے لیے ایڈوائس بھیجنے کی جلدی نہیں ہے، ممکنہ طور پر 12 اگست کو سمری پر دستخط ہو سکتے ہیں۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ نگران وزیراعظم کا نام طے نہیں ہو سکا، اس حوالے سے گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجا ریاض کے درمیان متوقع ملاقات نہ ہوسکی جوکہ ایک آئینی تقاضا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں آج (جمعرات) کو ملاقات کریں گے، آئین کے تحت اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد نگران وزیراعظم کا نام طے کرنے کے لیے تین روز کا وقت ہوتا ہے۔