اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) توشہ خانہ کیس میں گرفتارچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو اٹک جیل منتقل کر دیا گیا۔
پولیس چیئرمین پی ٹی آئی کو زمان پارک لاہورکی رہائش گاہ سے حراست میں لینے کے بعد بذریعہ موٹروے اسلام آباد لے کر آئی، عمران خان کو پنجاب اور اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں اٹک جیل منتقل کیا گیا، اس موقع پرجیل کے باہر فورسز کی اضافی نفری تعینات تھی۔
توشہ خانہ کیس کا فیصلہ آنے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کوزمان پارک میں ان کے گھ سے گرفتار کیا گیا، پولیس کی ٹیم وارنٹ لے کر عمران خان کی رہائش گاہ پہنچی جہاں حکام نے ان کے سکیورٹی عملے کو بتایا کہ چیئرمین تحریک انصاف کے وارنٹ گرفتاری ہیں اور انہیں گرفتار کرنا ہے، جس کے بعد پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی کو گھر کے اندر جا کر گرفتار کیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق گرفتاری سے قبل پولیس کی ایک گاڑی اندر گئی اور باقی کیڈ باہر ہی موجود رہا، پولیس افسران اور چیئرمین پی ٹی آئی کے درمیان کچھ دیر بات چیت ہوئی جس کے بعد سابق وزیر اعظم نے گرفتاری کے وقت کوئی مزاحمت نہیں کی،انہیں گھر کے اندر سے ہی گاڑی میں بٹھا دیا گیا۔