اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے واضح کیا ہے کہ مسافروں کو فضائی سفر کے لیے
پولیوویکسینیشن کارڈز کی ضرورت نہیں ہے، شہری آن لائن پیشکش سے خبردار رہیں۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا کہ مسافروں کے لیے پولیو ویکسینیشن کارڈ کی کوئی ضرورت نہیں ہے، عوام سے درخواست ہے کہ وہ ایسے کارڈ حاصل کرنے کے لیے کسی غیر تصدیق شدہ آن لائن آفرز کا شکار نہ ہوں۔
ترجمان نے کہا کہ مسافروں کو ایسے افراد کو نظر انداز کردینا چاہیے جو ایئر لائنز کی نمائندگی کا دعویٰ کرتے ہیں، مسافر جس ملک کا سفر کرنا چاہتے ہیں اس کی ایئرلائن سے اس ملک کی صحت کی پالیسی، خاص طور پر پولیو ویکسینیشن پالیسی کے بارے میں معلوم کر لیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی ( نادرا) نے بیرون ملک سفر پر نئی پابندی عائد کردی ہے، اورنادرا کی جانب سے ائیرلائنز انتظامیہ کو مسافروں کے پولیو ویکسینیشن کارڈ چیک کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
خبر میں بتایا گیا تھا کہ نادرا کی جانب سے ملک بھر کے ائیرپورٹس اور ائیرلائنز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ بیرون ملک سفر کرنے والے مسافر اپ ڈیٹڈ آن لائن پولیو کارڈ ساتھ رکھیں اور یہ کہ پرانے پولیو ویکسینیشن کارڈ کی میعادختم ہونے پر اپ ڈیٹڈ آن لائن پولیو کارڈ کا حصول لازمی ہے۔
ان خبروں کے بعد پولیو ویکینیشن کارڈ کی فراہمی کے لئے شہریوں کو انٹر نیٹ پر مختلف کمپنیوں کی جانب سے پیشکش کی جارہی ہے۔