اسلام اباد ( نئی تازہ رپورٹ) حکومت نے جاتے جاتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 19.95 روپے فی لیٹر تک کا غیر معمولی اضافہ کردیا۔
منگل کو وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا۔
جس کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 90 پیسے جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 19 روپے 95 پیسے اضافہ کر دیا گیا ہے، اس طرح پیٹرول کی نئی قیمت 272 روپے 95 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 273 روپے 40 پیسے فی لیٹرہوگی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔
اسحاق ڈار کے مطابق گزشتہ دنوں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، اوگرا کے ساتھ تیل کی قیمتوں کے بارے میں مشاورت ہوئی لہٰذا ملکی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے قیمتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم آئی ایم ایف کے پروگرام میں ہیں، سب کو پتا ہے کہ اسٹینڈ بائی معاہدہ ہوا ہے، ماضی میں حکومت نے جاتے ہوئے معاہدوں کو پورا نہیں کیا ۔