اسلام آباد( نئی تازہ رپورٹ) وفاقی دارالحکومت میں زیر تعمیر پل کے قریب دیوارگرنے سے 12 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق پشاور روڈ پر گولڑہ موڑ کے قریب کئی گھنٹے کی موسلا دھار بارش کے دوران دیوار گرگئی جس کے نتیجے میں 12 افراد دیوار کے نیچے دب کر جاں بحق ہوگئے۔
انتظامیہ کے مطابق بارش کا پانی دیوار کے دونوں جانب جمع ہوگیا تھا جس کی وجہ سے دیوار گرگئی۔
حادثے کے بعد ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر ملبے تلے دبی 12 لاشوں کو مشینوں کی مدد سے نکالا۔ جبکہ ملبے سے 4 مزدوروں کو زندہ نکال لیا گیا۔
گرنے والی دیوار کی آڑ میں پل کی تعمیرکا کام کرنے والے مزدوروں نے ٹینٹ لگا رکھا تھا، دیوار کی لمبائی 100 فٹ کے قریب بتائی گئی ہے، آخری اطلاعات تک حادثے کے بعد ملبے تلے دبے مزید افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری تھا۔