اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے قومی اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسمبلی تحلیل کی تاریخ پر ابھی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔
وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں قومی اسمبلی 8 اگست کو تحلیل کیے جانے کے فیصلے سے متعلق حالیہ میڈیا رپورٹس پر ردعمل میں کہا کہ پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے قومی اسمبلی کی تحلیل کی تاریخ کا فیصلہ ہوگا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ قومی اسمبلی کی تحلیل کی تاریخ کے فیصلے کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی مدت 12 اگست کو پوری ہوگی۔
اس سے قبل میڈیا میں اسمبلی تحلیل کے حوالے سے مختلف رپورٹس سامنے آئی تھیں، اور کہا جا ہا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے مدت پوری ہونے سے قبل قومی اسمبلی 8 اگست کو توڑنے پر اتفاق کرلیا ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر تجارت نوید قمر نے بھی اپنے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ قومی اسمبلی 8 اگست تک تحلیل ہونی چاہیے تاکہ الیکشن کمیشن کو نومبر میں انتخابات کے لیے مناسب وقت ملے گا۔