راولپنڈی ( نئی تازہ رپورٹ) راولپنڈی کے شہری نے آن لائن قرضہ کمپنیوں کی دھمکیوں سے تنگ آکر خود کشی کر لی ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق چاکرہ راولپنڈی کے رہائشی محمد مسعود کی بیوہ نے بتایا کہ اس کے شوہر کی 6 ماہ قبل نوکری ختم ہو گئی تھی، بچوں کی فیسیں اور گھر کا کرایہ ادا کرنے کے لیے آن لائن قرض ایپ سے 13 ہزار روپے قرض لیا جو تھوڑے دن بعد کمپنی نے سود لگا کر 1 لاکھ روپے تک پہنچا دیا۔
متوفی محمد مسعود کی اہلیہ کے مطابق شوہر نے قرض اتارنے کے لیے دوسری ایپ سے مزید قرض لیا جو چند ہفتوں بعد سود سمیت 7 لاکھ روپےکر دیا گیا، قرض ادائیگی کی تاخیر پر ایپ والے روزانہ کال کرکے دھمکاتے اور پولیس کارروائی سے ڈراتے تھے۔
۔
متوفی مسعود کی بیوہ کے مطابق آن لائن کمپنیوں نے موبائل سے ذاتی ڈیٹا لیک کرنے کی دھمکیاں دیں، میرے شوہر قرض کی دلدل میں پھنستے گئے اور ذہنی اذیت کا شکار ہوگئے ، گذشتہ روز شوہر نے دلبرداشتہ ہوکر گلے میں پھندا لگا کر خود کشی کرلی۔