اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اکائونٹ میں 2 ارب ڈالر جمع کرا دیے ۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے منگل کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ دوست ملک سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک میں 2 ارب ڈالر ڈیپازٹ کرادیے ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، آرمی چیف اور پاکستان کے عوام کی جانب سے سعودی قیادت بالخصوص خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو ہر موقع پر پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔
وزیرخزانہ نے بتایا کہ سعودی عرب نے وعدہ کیا تھا کہ وہ 2 ارب ڈالر کا ڈپازٹ پاکستان کو دیں گے، اب یہ اسٹیٹ بینک کے پاس آچکا ہے۔
وزیرِ خزانہ نے کہا کہ 2 ارب ڈالرز اسٹیٹ بینک میں ڈپازٹ ہونے سے فارن ایکسچینج ریزرو میں اضافہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاملات بہتری کی طرف آ چکے ہیں، مستقبل میں مزید بہتری کی طرف جائیں گے، پاکستان کی معیشت پہلے سے بہتر ہے، اس میں جلد مزید استحکام پیدا ہو گا۔
وزیرخزانہ نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ اس رقم سے اسٹیٹ بینک کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگیا ہے جو 14 جولائی 2023 کو ختم ہونے والے ہفتے کے لیے زرمبادلہ کے ذخائر میں ظاہر ہوگا۔