اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) ایف آئی اے نے یونان کشتی حادثے کے متاثرین کی نشاندہی پر مزید 6 ایجنٹوں کو گرفتار کر لیا ۔
اطلاعات کے مطابق لوگوں کو غیر قانونی طورپر بیرون ملک بھیجنے والے ملزمان کو لاہور، کھاریاں، ملکوال، جہلم اور گجرات کے علاقوں سے گرفتار کیا گیا ہے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے ) کے ترجمان کے مطابق یونان کشتی حادثے کے متاثرین کی نشاندہی پرارشد گجر، اسلم، حسنین شاہ، صفدر،اشرف اورممتازحسین نام کے ایجنٹوں کو گرفتار کیا گیا ۔
ترجمان کے مطابق ایجنٹس شہریوں کو غیر قانونی طورپر یورپ بھجوانے لیے 25 سے 27 لاکھ روپے فی کس وصول کرتے رہے، معلوم ہوا ہے کہ ملزمان انسانی اسمگلنگ کے ایک بڑے گروہ کے طور پر کام کر رہے تھے۔
یاد رہے کہ یونان کے ساحلی علاقے میں 14 جون کو کشتی ڈوبنے کا المناک حادثہ پیش آیا تھا۔
کشتی ڈوبنے سے 78 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ملی تھی ، بعد ازاں مزید 2 لاشیں ملنے کے بعد اموات کی تعداد 80 ہوگئی تھی ، کشتی میں سوار 104 افراد کو بچالیاگیاتھا جن میں سے 12 کا تعلق پاکستان سے ہے۔
کشتی میں پاکستان، مصر، شام اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے 700 سے زائد تارکین وطن سوار تھے۔
کشتی میں سوار پاکستانیوں کی تعداد سے متعلق ابھی تک حتمی معلومات سامنے نہیں آسکیں، بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق سوارپاکستانیوں تعداد 400 کے قریب تھی، زندہ بچ جانے والوں نے سفارتی عملے کو بتایا کہ کم از کم 200 پاکستانی کشتی میں سوار تھے۔