اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) جسٹس مسرت ہلالی نے سپریم کورٹ آف پاکستان کی دوسری خاتون جج کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ۔سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد 16 ہو گئی۔
جمعہ کو سپریم کورٹ میں جسٹس مسرت ہلالی کی حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی ، چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے جسٹس مسرت ہلالی سے حلف لیا ، حلف برداری کی تقریب میں سینئر ججز، اٹارنی جنرل،سینیئر وکلاء نے شرکت کی ۔
جسٹس مسرت ہلالی 3 سال تک سپریم کورٹ کے جج کے طور پر خدمات سر انجا،م دیں گی۔
جسٹس عائشہ ملک کے بعد جسٹس مسرت ہلالی سپریم کورٹ آف پاکستان میں تعینات ہونے والی دوسری خاتون جج ہیں ، جسٹس مسرت ہلالی کے حلف اٹھانے کے بعد سپریم کورٹ کے ججز کی مجموعی تعداد 16 ہو گئی ہے۔
یاد رہے کہ اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی تقرری سے متعلق پارلیمانی کمیٹی نے جسٹس مسرت ہلالی کو سپریم کورٹ کا جج تعینات کرنے کی منظوری دی تھی۔
جسٹس مسرت ہلالی نے یکم اپریل کوپشاور ہائیکورٹ کی قائم مقام چیف جسٹس کا حلف لیا تھا، انہوں نے خیبرپختونخوا کی تاریخ میں اس عہدے پر پہنچنے والی پہلی خاتون کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
گزشتہ ماہ صدر عارف علوی نے جسٹس مسرت ہلالی کی بطور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ تعیناتی کی منظوری دی تھی۔ اس سے قبل وہ پشاور ہائیکورٹ میں بطور قائم مقام چیف جسٹس ذمہ داریاں سر انجام دے رہی تھیں۔