کراچی ( نئی تازہ رپورٹ) کراچی میں نیگلیریا فولیری سے متاثرہ نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ مرنے والوں کی تعداد 6 ہوگئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق 18 جون کوبخار میں مبتلا 21 سال کے ایک نوجوان کو نجی ہسپتال لایا گیا تھا ، طبیعت خراب ہونے پر اسے وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا۔جو بعد ازاں دم توڑ گیا۔
رپورٹ کے مطابق نیگلیریا سے اب تک ملک میں 6 اموات ہوچکی ہیں جن میں سے 4 افراد کا تعلق کراچی سےہے، ایک مرنے والے کا تعلق کوئٹہ اور ایک کا حیدرآباد سے ہے۔
محکمہ صحت کے حکام کے مطابق نیگلیریا ایک امیبا ہے جسے صرف خوردبین سے ہی دیکھا جا سکتا ہے، اسے دماغ کو کھانے والا امیبا بھی کہا جاتا ہے، یہ امیبا بنیادی طور پر دماغی انفیکشن کا سبب بنتا ہے۔
یہ امیبا گرم تازہ پانی جیسے جھیلوں، ندیوں، گرم چشموں اور روزانہ استعمال والے پانی میں پایا جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق نیگلیریا کی صرف ایک قسم انسانوں کو متاثر کرتی ہے جو نیگلیریا فولیری ہے جب کہ نیگلیریا کی کئی دیگراقسام بھی ہیں ۔